پٹرول کیوں مہنگا ہوا؟ ۔۔۔ سجاد عاصم

*
اسمارٹ وزیراعظم: “سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے”
“پٹرول کی قیمتیں اس لیے بڑھی ہیں کیونکہ ہم سے پہلے جو حکمران تھے وہ کرپٹ تھے۔ انھوں نے خزانہ خالی کردیا تھا۔ اب خالی خزانے سے تو ہم پٹرول خرید نہیں سکتے۔ اس لیے ہم نے یہ حل نکالا ہے کہ ہم ایک ٹائیگر فورس بنا رہے ہیں جس کے لیے ہم نے ایک لاکھ موٹرسائیکلیں خریدی ہیں جو کہ ایک ریکارڑ ہے۔ ہم سے پہلے کسی کرپٹ حکمران نے نوجوانوں کے لیے اتنی موٹر سائیکلیں نہیں خریدیں۔”
“خزانے کی تلاش میں ہم ٹائیگر فورس کو ان کی موٹرسائیکلوں پر قسطنطنیہ بھیجیں گے جو ترکی میں ہے اور جہاں سے ہم نے ارطغرل ڈرامہ امپورٹ کیا تھا، جس نے ہمارے جوانوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ خصوصا ہماری ٹائیگر فورس میں۔ میں کہنا بھول گیا کہ ارطغرل ڈرامے نے ہمارے دور میں نئے ریکارڑ بنائے جو کسی کرپٹ حکمران کے دور میں نہیں بنے۔”
“ٹائیگر فورس ترکی سے چینی کی بوریوں میں خزانے بھر کر لائے گی۔ چینی سے یاد آیا، اسے بھی ہم سے پہلے کرپٹ حکمرانوں نے کھا کھا کر ختم کردیا تھا۔ رہی سہی کسر شوگر مافیا نے پوری کردی۔ جس کی وجہ سے چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور جس کی وجہ سے ہم نے شوگر تحقیقاتی کمیٹی بنائی جس کی رپورٹ ہم نے پبلک کردی۔ ہم سے پہلے کسی کرپٹ حکمران نے رپورٹ پبلک نہیں کی۔ حتی کہ حکمران طبقے نے اپنی شوگر ٹیسٹس کی رپورٹیں بھی لوگوں سے چھپائیں۔”
“تو ٹائیگر فورس جو خزانے کی بوریاں لائے گی ۔۔۔! لیکن میں آپ کو یہ بھی بتا دوں کی چینی کی خالی بوریاں ہمیں چینی بھائی دیں گے، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ ویسے تو امریکی بھی بوریاں دینے کو تیار ہیں لیکن ان سے ہم لیں گے نہیں کیونکہ انھوں نے مجاہد اسامہ بن لادن کو شہید کردیا تھا۔۔ وہ جری مجاہد جو افغان جہاد، ایبٹ آباد میں چھپ کر لڑ رہا تھا۔”
“تو خزانے کی بوریاں پہنچنے کے بعد ہم انہیں سعودی عرب بھجوادیں گے تاکہ وہ ہمیں تیل بھجوا سکیں۔ لیکن یہ بھی کچھ دنوں کے لیے ہوگا کیونکہ ہمارا اپنا تیل بحر ہند سے نکلنے ہی والا ہے۔ شاید جب میں تقریر کر رہا ہوں وہ آخری تیشہ جس سے تیل ابل کر نکلے گا زمین پر لگ رہا ہو۔ اس کے بعد پھر خوشحالی ہی خوشحالی ہوگی۔ اور پھر آپ ایک نیا پاکستان دیکھیں گے۔ اسے کہتے ہیں اسمارٹ تھنکنگ (smart thinking) جو ہم نے ایجاد کی ہے! نیویارک کے میئر بھی ہمارے اسمارٹ تھنکنگ سے اتنا متاثر ہوئے کہ اسے استعمال کرتے ہوئے وہ کورونا وائرس سے جنگ میں سرخرو ہوئے۔”
“اسمارٹ تھنکنگ کے علاوہ ہماری ایجادات میں اسمارٹ لاک ڈاون بھی شامل ہے۔ اگر ہم اسمارٹ لاک ڈاون نہ کرتے تو کورونا وائرس جو کہ ایک عام فلو ہے ایک خطرناک بیماری میں بدل سکتا تھا۔ افسوس کہ ہمارے اپنے صوبوں نے ہمارے اسمارٹ لاک ڈاون کو سیریسلی نہیں لیا، جس سے عام فلو خطرناک بیماری میں تبدیل ہوگئا اور لوگ مرنا شروع ہوئے۔ ابھی بھی لوگ کم مر رہے ہیں اور صرف وہ لوگ مر رہے ہیں جو بوڑھے اور بیمار ہیں! لیکن ہمیں مرنا نہیں ہوگا بلکہ اس وائرس کے ساتھ رہنا سیکھنا ہوگا، اگر مر بھی گئے تو کوئی بات نہیں کیونکہ سکون تو صرف قبر میں ہے!”
۔۔۔ چند دن بعد
رپورٹر: “کیا وجہ ہے کہ ٹائیگر فورس خزانہ لینے ترکی نہیں جاسکی؟”
اسمارٹ مشیر: “دراصل ہمارے عظیم رہنما کی اسمارٹ تھنکنگ میں کوئی خرابی نہیں تھی لیکن ان کے اردگرد جو چند مفادپرست مشیر ہیں انھوں نے وزیراعظم صاحب کو یہ نہیں بتایا کہ ٹائیگر فورس کی موٹرسائیکلوں میں ڈالنے کے لیے ہمارے پاس پٹرول نہیں ہے۔ جس کی وجہ ہم سے پہلے حاکم رہنے والے کرپٹ حکمران ہیں۔”
سجاد عاصم

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *