کسی کا قول ہے کہ زندگی کو کسی پاگل کی طرح گزارو، تاکہ لوگوں کو آپ کی فکر رہے ۔ اگر سمجھدارانہ زندگی گزاروگے تو آپ کو لوگوں کی فکر کرنی پڑے گی۔ زندگی گزارنے کے مختلف طریقے ہیں، لیکن بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ زندگی گزارنے کے دو طریقے ہیں۔ مثلاً: موٹیویشنل اسپیکرز کا بھی یہی کہنا ہے کہ زندگی گزارنے کے دو طریقے ہیں، ایک کامیاب زندگی اور دوسرا ناکام زندگی؛ بہت سے مصنفین لکھتے ہیں کہ ایک دانشمندانہ زندگی ہے اور دوسرا جاہلانہ زندگی؛ مولوی حضرات کی نظر کی میں ایک دین کی راہ پر چلنے والی زندگی ہے اور دوسری بے دینی کی زندگی ؛ ٹھیک اسی طرح اکثر لوگوں کی نظر میں ایک کاروباری زندگی ہے اور دوسری نوکری والی زندگی۔ جبکہ میری نظر میں بھی زندگی گزارنے کے دو ہی طریقے ہیں ایک ذمہ دارانہ زندگی اور دوسرا بری الذمہ زندگی۔
اگر دیکھا جائے تو ہر کسی کا نقطہ نظر بالکل درست ہے۔ جیسا کہ: اگر موٹیویشنل اسپیکرز کی نظر سے دیکھیں تو معاشرے میں یہی دو قسم کے لوگ ہی ملیں گے ایک کامیاب اور دوسرا ناکام۔ ٹھیک اسی طرح مصنفین اور مولوی حضرات کے نکتہ نظر سے بھی کسی کو اعتراض نہیں۔ اور رہی ذمہ دارانہ اور بری الذمہ زندگی، یہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں اور شاید ہی کوئی اس پر معترض ہو۔ معاشرے کے ہر گھر میں ایسے دو قسم کے افراد موجود ہیں۔ ایک وہ، جو اپنے گھر کے تمام اخراجات، والدین کی خدمت اور بہن بھائیوں کی ذمہ داری اپنے سر لے کر انہیں ان کے پاؤں پر کھڑے کرنے کی کاوشوں میں مصروف رہتا ہے۔ جبکہ دوسرا وہ، جو خود کو ہر طرح کی خانگی اور معاشرتی ذمہ داریوں سے خودساختہ بری الذمہ قرار دے کر مفت اور بے زحمت آمدن سے اپنی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں میں مگن رہتا ہے۔
اکثر گھروں کے بڑے بیٹے شادی کے بعدخاندان میں، ماں باپ اور بہن بھائیوں کے اخراجات سے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہیں۔ جبکہ بعض افراد شادی کرنے کے بعد صرف بہن بھائیوں کے اخراجات اٹھانے سے انکار کرتے ہیں اورمعاشرے میں ایسے افراد کی بھی کمی نہیں، جو شادی کے بعد گھر کے اخراجات سے بھی باخبر رہتے ہیں اور ساتھ میں اپنے بہن بھائیوں کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔ بعض لوگوں کی تنخواہ یا آمدنی نہایت قلیل ہوتی ہے، جس سے وہ اپنے بیوی بچوں کے اخراجات بمشکل پورا کرتے ہیں۔ ایسے افراد شادی کے بعد اگر گھر کے اخراجات اور بہن بھائیوں کو سپورٹ کرنے سے اجتناب کرتے ہیں، تو ان سے کوئی گلہ نہیں بنتا۔ لیکن معاشرے میں ایسے افراد کی بھی بھرمار ہے، جن کی تنخواہ یا آمدنی اچھی خاصی ہوتی ہے، جس سے وہ اپنے بیوی بچوں کے ساتھ ساتھ والدین اور بہن بھائیوں کے اخراجات بھی باآسانی برداشت کرسکتے ہیں۔ لیکن باوجود این ہمہ وہ تنگ دلی کا مظاہرہ کرکے اپنے آپ کو ان سے بری الذمہ قرار دیتے ہیں۔ ایسے لوگ ایسا کچھ اکثر اپنی بیویوں کے کہنے پر کرتے ہیں۔ اکثر خواتین تو اپنے شوہروں کو ان کے گھربار کی ذمہ داریوں سے دور رکھنے کے لئے اور اپنے ہی مستقبل کو بہتر بنانے کی لالچ میں انہیں ان کے ماں باپ سے جدا کرکے، اپنے شوہر وں کے پیسوں سے اپنے ماں باپ کو سپورٹ کرتے ہیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ دنیا مکافات عمل ہے اور جب ان کے اپنے بچے بڑے ہو جائیں گے، تو ان کو بھی درپیش اسی ناروا سلوک کا سامنا کرنا ہوگا۔
اکثر گھروں کے بڑے بیٹے اپنے ماں باپ اور بہن بھائیوں کے لئے کچھ نہ کرنے کے باوجود ان کے لئے بڑی بڑی قربانیوں کے دعوے کرتے ہیں اور اسی بابت مختلف محفلوں میں بیٹھ کر من گھڑت داستانیں سناتے نہیں تھکتے، تاکہ معاشرے کی نظروں میں ان کی عزت و احترام برقرار رہے۔ لیکن اس عزت و احترام کا کیا فائدہ، جب ان کے اپنے ہی ماں باپ ان سے نا خوش ہوں۔ میں ایسے افراد کو بھی جانتا ہوں جو آسٹریلیا اور یورپ میں اپنے بیوی بچوں کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں اور اپنے بہن بھائیوں کو سپورٹ کرنا تو کجا، مہینوں بلکہ سالوں تک اپنے ماں باپ سے ٹیلیفونک حال احوال بھی نہیں کرتے، کجا کہ ان کے لئے تھوڑا بہت جیب خرچ ہی بھیج دیں۔ کیونکہ وہ خود کو بری الذمہ قرار دے کر ماں باپ کی خدمت و تواضع کو گھر میں موجود دوسرے بھائیوں کی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
معاشرے میں ایسے نیک اور ذمہ دار اشخاص بھی موجود ہیں جو بوڑھے والدین کے گذرنے کے بعد اپنے بال بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ اپنے بہن بھائیوں سے متعلق ذمہ داریوں کو بھی بخوبی نبھاتے ہیں اور انہیں ان کے پیروں پر کھڑا کرکے ان کے گھربار بھی بساتے ہیں۔ مگر افسوس، کہ معاشرے میں ایسے نگینے بہت کم یاب ہیں۔
- ٹپ اور کرایہ! سو لفظوں کی کہانی ۔۔۔ عارف چنگیزی - 05/10/2023
- کرایہ! سو لفظوں کی کہانی ۔۔۔ عارف چنگیزی - 14/09/2023
- سو لفظوں کی کہانی، جلاؤ گھیراؤ ۔۔۔ عارف چنگیزی - 20/08/2023