غزل ۔۔۔۔ طالب حسین طالب

زمیں کھنکتی رہی اور گھٹا نے کچھ نہ کہا
گلی تک آ کے بھی کالی بلا نے کچھ نہ کہا
تمام شب پڑی جذبوں پہ اتنی اوس کہ بس
تمام شب خلشِِ دیر پا نے کچھ نہ کہا
کہاں کہاں پہ درختوں کی چادریں اُتریں
لگی وہ چپ کہ برہنہ ہوا نے کچھ نہ کہا
کہاں بجھے وہ دریچوں سے جھانکتے چہرے
پلٹ کے آئی تو بادِ صبا نے کچھ نہ کہا
عجب ہے قحطِ صدا بھی کہ جب گرے ہم لوگ
ادھر اُدھر سے کسی ہمنوا نے کچھ نہ کہا
وہ مشتِ خاک کی مجبوریاں سمجھتا ہے
جبیں کے داغ گنے پھر خدا نے کچھ نہ کہا
تو کیا کسی نے اسے ٹوٹتے نہیں دیکھا!
تو کیا کسی سے مرے بے وفا نے کچھ نہ کہا
طالب حسین طالب
Latest posts by طالب حسین طالب (see all)
61 Shares

طالب حسین طالب

طالب حسین طالب نوجوان نسل کے مقبول شاعر ہیں۔ زیادہ ترغزل میں طبع آزمائی کرتے ہیں. درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں اور گورنمنٹ کالج اسلام آباد میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *