سردار نثار علی خان ہزارہ پر دہشت گردانہ حملے کی تفصیل ۔۔۔ اسحاق محمدی

سردار نثار علی خان ہزارہ پر دہشت گردانہ حملے کی تفصیل

تحریر: اسحاق محمدی

6 اکتوبر 1999ء کو میں حسبِ معمول آفس سے چھٹی کرکے گرلز کالج کوئٹہ سے گھر والی کو لے کر گھر پہنچا ہی تھا کہ 3 بجے کے آس پاس ٹریفک پولیس میں فرائض انجام دینے والے ایک دوست کی کال آئی۔ ہیلو بولنے پر، بنا حال احوال کیے، بولا کہ:

“ابھی ابھی وائرلیس پر اطلاع آئی ہے کہ زرغون روڈ پر سردار نثار علی ہزارہ کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی ہے۔”

میں نے جب تفصیل جاننے کی کوشش کی تو کہا:

“ابھی کوئی تفصیل نہیں۔ فوراً دوستوں کو فون کرکے کہو کہ سول ہسپتال پہنچ جائیں، شاید خون کی ضرورت پڑ جائے۔”

اور کال کاٹ دی۔

میں نے بھی فوراً چند قریبی دوستوں کو کال کرکے انہیں فی الفور سول ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی اور خود براستہ گلستان ٹاؤن، گلستان روڈ اور جناح روڈ، سول ہسپتال پہنچا تو 50، 60 لوگ پہلے سے پہنچے ہوئے تھے۔ ادھر اُدھر سے پتا کرنے پر معلوم ہوا کہ خود سردار صاحب کو گولی لگی ہے لیکن حالت خطرے سے باہر ہے، البتہ ان کے ڈرائیور صفدر حسین جاں بحق ہوئے ہیں اور باڈی گارڈ منظور پویا کی حالت تشویش ناک ہے۔

سردار صاحب وارڈ میں تھے اور سوائے چند قریبی لوگوں کے کسی کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں تھی۔

اسی دوران ایکٹنگ چیف سیکریٹری حکیم بلوچ اعلیٰ پولیس اور انتظامی حکام کے ساتھ پہنچے۔ حکیم بلوچ صاحب اندر گئے۔ تھوڑی دیر کے بعد باہر نکلے تو ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے خون کا عطیہ دینے کی اپیل ہوئی تاکہ سردار صاحب کے آپریشن کے دوران کوئی مشکل درپیش نہ ہو (پولیس دوست کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا اندازہ لگائیے)۔

فوراً درجنوں لوگ لائن میں لگ گئے۔

تھوڑی دیر بعد جب سردار صاحب کو اسٹریچر کے ذریعے وارڈ سے نکال کر آپریشن تھیٹر کی طرف لے جایا جا رہا تھا تو میرے نزدیک کھڑے مہدی اختیار صاحب یہ نعرے لگانے لگے:

“سردار نثار زندہ باد، سردار نثار ہم تمہارے ساتھ ہیں۔”

مجمع بھی پرجوش انداز میں جواب دینے لگا۔ ساتھ ہی رش بھی بڑھ رہا تھا اور ان میں غم و غصہ بھی بڑھ رہا تھا۔

تقریباً اسی دوران چیف سیکریٹری حکیم بلوچ نے سردار صاحب کے چند قریبی افراد کو ہسپتال کے اندر بلا لیا۔ تھوڑی دیر کے بعد جب یہ لوگ مرجھائے ہوئے چہروں کے ساتھ باہر آئے تو انہوں نے مشتعل لوگوں کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ:

“ابتدائی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والی سوزوکی ایک ہزارہ کی ہے اور پولیس اس کے ہزارہ ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔”

مشتعل لوگوں کا غم و غصہ جھاگ کی طرح بیٹھ گیا اور ماحول پر سکتہ طاری ہوگیا۔

اسی بے یقینی کی فضا میں ہم چند جاننے والے، ڈھونڈتے ڈھونڈتے، سردار صاحب (اب مرحوم) کے باڈی گارڈ منظور علی پویا تک پہنچے۔ وہ ایک وارڈ میں بے یار و مددگار اس طرح پڑا ہوا تھا کہ پورے چہرے پر بھاری پٹی بندھی ہوئی تھی۔

فوراً کیژولٹی وارڈ آئے اور سردار صاحب کے قریبی دوستوں سے منظور پویا کے علاج پر بھی توجہ دینے کو کہا، جو اب تک سردار صاحب کے علاج و معالجے میں الجھے ہوئے تھے۔ انہوں نے حامی بھری اور ان کی طرف سے ایچ پی ایف کے چند دوست، چند ڈاکٹروں کو لے کر ان کی طرف چلے گئے۔

تقریباً ایک گھنٹے بعد سردار صاحب کو آپریشن مکمل ہونے کے بعد خصوصی وارڈ میں شفٹ کیا گیا اور باقی ہجوم کے ساتھ میں بھی بجھے دل کے ساتھ سول ہسپتال سے نکل گیا۔ بعد میں پتا چلا کہ منظور پویا کو آغا خان ہسپتال کراچی شفٹ کیا گیا ہے۔

سردار صاحب جتنے دن ہسپتال میں رہے، ہزارہ پروگریسیو فورم کے کارکنوں نے پولیس کے ساتھ دن رات ان کی حفاظت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

اب اصل دہشت گردانہ واقعے کی طرف آتے ہیں۔

پولیس کی یہ ابتدائی رپورٹ درست تھی کہ اس میں ایک بیچارے ہزارہ سوزوکی ڈرائیور نجف علی اور اس کی گاڑی استعمال ہوئی تھی۔ لیکن درحقیقت ایک دن قبل، 5 اکتوبر کو، دہشت گرد وہابی تنظیم لشکر جھنگوی کے ایک دہشت گرد نے “سرائے نمک” سے ہزارہ ڈرائیور نجف علی (عمر تقریباً 30 سال) کو گاڑی سمیت کرائے کے بہانے “چالو باوڑی” لے جا کر خود اسے قتل کرکے اس کی لاش ٹھکانے لگائی تھی، اور پھر ڈبل روڈ کے ایک گیراج میں اس سوزوکی کا ہُڈ تبدیل کرکے اگلے روز، یعنی 6 اکتوبر کو، سردار نثار علی خان ہزارہ پر حملے کے لیے استعمال کیا تھا۔

چونکہ پولیس کو یہ سوزوکی گاڑی بہت جلد قریبی نالے کے نزدیک سے خون آلود حالت میں ملی تھی، اس لیے وہ بہت جلد اس کے ہزارہ مالک نجف علی کو پہچاننے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

یاد رہے کہ منظور پویا کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور دہشت گرد بھی زخمی ہوگیا تھا اور جائے واردات سے فرار ہونے پر مجبور ہوا تھا۔

اس ابتدائی انفارمیشن کی اطلاع انہوں نے پہلے اپنے اعلیٰ حکام تک، اور ان کے توسط سے چیف سیکریٹری سمیت دیگر اعلیٰ حکام تک پہنچانے کے ساتھ، دوسری طرف نجف علی کے گھر سے ان کے بیوی بچوں اور تفتان سے اس کے ایک بھائی کو بھی راتوں رات گرفتار کرنے کا کارنامہ انجام دے دیا تھا۔

اب وہ خود نجف علی کو گرفتار کرنے کی کوششوں میں لگی تھی، جو خود دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہو چکے تھے اور جن کی لاش بھی ٹھکانے لگا دی گئی تھی۔

مقتول نجف علی کو میں نے بارہا علمدار روڈ پر آتے جاتے دیکھا تھا۔ وہ درمیانے قد و قامت کا جوان تھا جس کے گھنگھریالے بال تھے۔ زیادہ تر سرائے نمک، علمدار روڈ کے نکڑ پر بیٹھا رہتا تھا۔

چند دن بعد جب دہشت گرد تنظیم لشکر جھنگوی نے حملے کی ذمہ داری قبول کی اور بہت سے حقائق سامنے آگئے تو غالباً مرحوم سردار سعادت علی خان ہزارہ نے مقتول کے گرفتار عزیز و اقارب کو پولیس کی قید سے رہائی دلوائی تھی۔

آگے چل کر جب کئی محفلوں میں اس دہشت گردانہ حملے کا واقعہ خود مرحوم سردار نے اور ان کے قریبی اسٹاف ممبران، جیسے ان کے پرائیویٹ سیکریٹری مرحوم مرزا حسین، نے بار بار سنایا، تو اس کی تفصیل خود مرحوم سردار کی زبانی اس طرح بنتی ہے:

“اس دن حسبِ معمول ڈھائی بجے دوپہر کے آس پاس ہم (خود سردار صاحب، ڈرائیور صفدر حسین اور باڈی گارڈ منظور پویا) بلوچستان سول سیکریٹریٹ سے زرغون روڈ پر نکلے تو عام دنوں کی طرح رش تھا۔ میں ڈرائیور کی ساتھ والی سیٹ پر اس طرح بیٹھا تھا کہ حسبِ معمول سیکیورٹی کے لحاظ سے اپنی سیٹ کے سامنے کافی جگہ (گیپ) رکھی تھی۔

گورنر ہاؤس چوک سے ایک سوزوکی ہماری گاڑی کو بار بار اوورٹیک کرنے کی کوشش کر رہی تھی اور صفدر اسے بلاک کر رہا تھا۔ گرامر اسکول کے سامنے جب صفدر نے ایک بار پھر اس کا راستہ بلاک کیا تو میں نے اس سے کہا کہ اسے راستہ دو، شاید بیچارے کو کوئی ایمرجنسی ہو۔

صفدر نے میرے کہنے پر اسے اسمبلی بلڈنگ کے سامنے راستہ دیا، لیکن جونہی وہ ہماری گاڑی کے برابر پہنچی تو فائرنگ شروع ہوگئی۔ میں نے فوراً اپنے آپ کو سیٹ کے سامنے والی گیپ کی طرف گرا دیا۔ اسی دوران میرے بازو سے شدید درد اٹھا اور ہماری گاڑی کسی چیز سے ٹکرائی، اور میرا سر بھی کسی سخت چیز سے ٹکرایا۔

اس کے بعد مجھے زیادہ کچھ یاد نہیں رہا، یہاں تک کہ ایمبولینس آئی اور مجھے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ بعد میں ڈاکٹروں نے بتایا کہ ایک گولی بازو پر لگی تھی، دوسری گولی گردن کی کھال کو چھو کر اور تیسری گولی سر کے بالوں کو چیر کر نکل گئی تھی۔ یعنی حقیقی معنوں میں، میں معجزانہ طور پر بچ گیا تھا۔”

6 اکتوبر 1999ء کو دن 3 بجے سہ پہر کے آس پاس کوئٹہ کے ریڈ زون میں واقع زرغون روڈ کے ایک اہم ترین مقام، بلوچستان اسمبلی اور بلوچستان ہائی کورٹ کی عمارتوں کے عین سامنے، اس وقت کے منتخب رکنِ صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم سردار نثار علی خان ہزارہ پر ہونے والے اس دہشت گردانہ حملے سے پاکستان میں “ہزارہ قتلِ عام” کی ایسی بھیانک ابتدا ہوئی جو کچھ اتار چڑھاؤ کے ساتھ اب 2026ء تک جاری ہے۔

ڈھائی عشروں سے زائد عرصے تک جاری اس ہزارہ قتلِ عام میں کم از کم دو ہزار ہزارہ جاں بحق ہوئے ہیں، چار ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں (سینکڑوں شیعہ ان کے علاوہ ہیں)، ہزاروں بیوہ اور یتیم ہوئے ہیں، اور تین لاکھ کے قریب ہزارہ بیرونِ ملک ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ (1)

یاد رہے کہ اس دوران جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، عمران خان کی تحریکِ انصاف، اور بعد ازاں پی پی پی اور نون لیگ کی مشترکہ حکومتیں بھی برسرِ اقتدار رہیں، لیکن یہ ہزارہ قتلِ عام نہ رکا ہے اور نہ ہی اس کے اسباب و عوامل اور اندرونی و بیرونی ملوث مجرموں، سہولت کاروں اور کرداروں کے بارے میں کوئی نمایاں پیش رفت دیکھنے کو ملی ہے۔

حوالہ:

(1) https://www.bolaq.org/2023/01/hazara-genocide-in-pakistan/

اسحاق محمدی

متعلقہ مضامین

Leave a Comment