
ہزارہ قوم کے نسلی پس منظر پر ایک نظر
تحقیق و تحریر: اسحاق محمدی
ہزارہ قوم کا شمار افغانستان کی چار بڑی اقوام میں ہوتا ہے۔ افغانستان کے علاوہ پاکستان، ایران، آسٹریلیا، یورپ، کینیڈا، امریکہ اور نیوزی لینڈ میں بھی اب ان کی قابلِ ذکر آبادیاں ہیں۔ چونکہ افغانستان میں سرے سے کوئی مردم شماری نہیں ہوئی ہے اور ایران میں، جہاں ایرانی ہزارہ، جنہیں “خاوری” کہا جاتا ہے، کے علاوہ ہزارہ مہاجرین کی ایک بہت بڑی تعداد آباد ہے، سے متعلق کوئی سرکاری اعداد و شمار دستیاب نہیں، اس لیے ان کی درست آبادی سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ تاہم ان کی کم از کم تعداد 14 ملین ہے (ہزارہ ورلڈ کونسل رپورٹ 2023ء، ص 1)۔
ہزارہ قوم کے نسلی تعلق کے حوالے سے اب تک یہ چند مشہور نظریے سامنے آئے ہیں، جن کا مختصر احاطہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے:
1۔ ہزارہ بطور اصلی باشندہ
اس نظریے کا بانی فرانسیسی محقق جے فریئر ہے، جن کا کہنا ہے کہ:
“ہزارہ قوم سکندرِ اعظم کے زمانے میں بھی بالکل اسی جگہ آباد تھی جہاں وہ آج (ہزارہ جات یا ہزارستان میں) بود و باش رکھتی ہے۔”
اس نظریے کی تائید افغان مورخ عبدالحئی حبیبی نے بھی کی ہے (تیمورخانوف، ص 15)۔ لیکن ناکافی تاریخی شواہد کے باعث اس نظریے کو پذیرائی نہیں ملی۔ تعجب کا مقام ہے کہ شاید شادروان حسن پولادی کے علاوہ باقی سب ہی ہزارہ مورخین ابھی تک اسی تھیوری کے پیچھے بھاگ رہے ہیں۔ کوئی بربر، کوئی کوشان، کوئی غوری وغیرہ کی تاویلیں ڈھونڈتے پھر رہے ہیں۔ ایسے مورخین یا تو ایرانی مغل ستیزی کے زیرِ اثر ہیں، یا پھر اس خوف میں مبتلا ہیں کہ کہیں ہمیں مہاجر قرار دے کر افغانستان سے باہر نہ نکال دیں۔ اس خوف کے زیرِ اثر حتیٰ کہ وہ سائنسی علوم کو بھی ماننے سے انکار کرتے ہیں، جو خود فریبی کے ساتھ انتہائی خطرناک بھی ہے۔ خطرناک اس لیے کہ سائنسی علوم سے منکر کوئی قوم جہالت اور پسماندگی سے کبھی باہر نہیں نکل سکتی۔ جہاں تک افغانستان سے اخراج کا تعلق ہے، بالادست قوم کی حیثیت سے پشتون پہلے ہی ہماری دو تہائی زرخیز زمینوں پر قبضہ کر چکے ہیں، اور اگر ہم متحد اور مضبوط نہ ہوئے تو باقی ایک تہائی پر بھی قبضہ کرنا بڑی بات نہیں ہوگی، اور ہم مضبوط تب ہوں گے جب سائنسی علوم ہماری دسترس میں ہوں گے۔
2۔ ہزارہ بطور خالص منگول (مغل)
اس نظریے کا بانی انڈیا میں مغل سلسلے کے سب سے مقتدر حکمران، شہنشاہ اکبرِ اعظم، کے دربار سے وابستہ مشہور لکھاری وزیر ابوالفضل کو سمجھا جاتا ہے، جنہوں نے آئینِ اکبری میں ہزارہ قوم کے بارے میں لکھا ہے کہ:
“ہزارہ قوم اس چغتائی فوج کی نسل سے ہیں جو منگو خان نے ہلاکو خان کی مدد کے لیے بھیجی تھی۔ یہ فوج اس کے بیٹے نیکودر اوغلان کے زیرِ کمان اس علاقے میں آئی تھی” (پولادی، ص 2، 3)۔
چونکہ اس کتاب کا ترجمہ انگریزی اور دیگر یورپی زبانوں میں بہت پہلے ہو چکا تھا، لہٰذا اکثر یورپی لکھاریوں جیسے بیلو، ویمبری، برنیس، ایف۔ ٹیٹلر، فوکس اور روسی مورخ پیٹروشفیسکی وغیرہ کی رسائی اس تک پہلے ہوئی، یوں وہ اس نقطۂ نظر کی حمایت کرتے ہیں۔
3۔ ہزارہ بطور ترک مغل
بیسویں صدی عیسوی کے دوران محققین کے ایک نئے گروپ نے جدید تاریخی شواہد کی بنا پر ہزارہ قوم کے نسلی پس منظر کے بارے میں ایک نیا نظریہ پیش کیا، جس کے مطابق ہزارہ قوم کی تشکیل میں منگول اور ترک اقوام نے بنیادی کردار ادا کیا، جبکہ بعض دیگر نسلی گروہوں نے بھی شمولیت اختیار کی۔ اس نظریے کو انہوں نے “ترک۔منگول” کا نام دیا، جس میں امریکی مورخ الزبتھ بیکن، ڈینش اسکالر فرڈینینڈ اور خود تیمورخانوف پیش پیش ہیں (تیمورخانوف، ص 17، 18)۔
یہ نہایت دلچسپ نکتہ ہے کہ ہزارہ قوم کے پہلے دو معروف مورخین، فیض محمد کاتب ہزارہ اور محمد افضل اورزگانی، دونوں اپنے آپ کو برملا مغل قرار دیتے ہیں۔ چنانچہ شادروان کاتب اپنا تعارف “فیض محمد کاتب بن سعید محمد مغول، معروف بہ ہزارہ محمد خواجہ” اور شادروان اورزگانی “محمد افضل ابن وطن داد زابلی مغولی” کے طور پر کرتے ہیں (سراج جلد 3 اور مختصر المنقول کے ابتدائی صفحات ملاحظہ ہوں)۔
حالیہ سالوں کے دوران سائنسی علوم میں نئی دریافتوں، بالخصوص جینومولوجی (جینوم شناسی) کی ترقی، اور اس تناظر میں ہزارہ قوم پر ہونے والی اجتماعی اور انفرادی تحقیقات نے ترک۔منگول نظریے سے متعلق ابہامات پر سے پردہ اٹھا دیا ہے اور کافی حد تک اسے ثابت کر دیا ہے۔ ہزارہ قوم کے سینکڑوں انفرادی ڈی این اے ٹیسٹوں کے نتائج (جن میں سے ایک درجن کے قریب میری آرکائیوز میں موجود ہیں) اور جون 2019ء میں شائع شدہ اجتماعی ریسرچ کے نتائج کی رو سے، جس میں کوئٹہ اور افغانستان سے کل 468 ہزارہ مرد و خواتین کے ڈی این اے نمونوں سے مرتب کیے گئے نتائج شامل ہیں، ہزارہ قوم میں منگول یا مغولی مماثلت 57.80 فیصد پائی گئی ہے (لنک موجود ہے)۔
البتہ، جیسا کہ اس ریسرچ میں وضاحت کی گئی ہے، ہزارہ ڈی این اے میں شامل ترک مماثلت میں اویغور، قزاق اور قرغیز قومیں ہزارہ قوم کے ساتھ اشتراک رکھتی ہیں، نہ کہ اناطولیہ کے ترک۔ یاد رہے کہ اس ریسرچ کے کام میں چین، پاکستان اور عرب امارات کے درج ذیل ممتاز ادارے شامل تھے:
1۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن اناٹومی، چائنا میڈیکل یونیورسٹی، شین یانگ
2۔ ڈیپارٹمنٹ آف انتھروپولوجی، ژیامین یونیورسٹی، چین
3۔ ڈیپارٹمنٹ آف فارنزک سائنسز، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، لاہور، پاکستان
4۔ ڈیپارٹمنٹ آف فارنزک میڈیسن، ضیاء الدین میڈیکل یونیورسٹی، کراچی، پاکستان
5۔ ڈیپارٹمنٹ آف فارنزک سائنسز اینڈ کرمنالوجی، دبئی پولیس، دبئی
نوٹ (1)
میرے پاس موجود ڈی این اے نتائج میں ہزارہ جات کے اکثر علاقوں جیسے جاغوری، مالستان، دایکنڈی، دایزنگی، بامیان، بہسود، کوئٹہ، سنی ہزارہ اور ساداتِ ہزارہ شامل ہیں، اور ان میں کوئی نمایاں فرق نہیں۔ سب ہی میں منگول اثرات سب سے نمایاں ہیں، جبکہ دیگر میں وسطی ایشیا کے شمالی علاقوں کے اثرات نظر آتے ہیں، جو قزاقستان، قرغیزستان وغیرہ پر مشتمل ہیں۔
منابع:
تاریخِ ہزارہ مغل، تیمورخانوف، ترجمہ: اردو حسن رضا چنگیزی، کوئٹہ، پاکستان، 1992ء
دی ہزاراز، حسن پولادی، اسٹاکٹن، کیلیفورنیا، امریکہ، 1989ء
https://www.fsigenetics.com/article/S1872-4973(19)30127-9/abstract
- ہزارہ رابن ہُڈز ۔۔۔ اسحاق محمدی - Nov 11, 2026
- ہزارہ قوم کے نسلی پس منظر پر ایک نظر ۔۔۔ اسحاق محمدی - Oct 29, 2026
- سردار نثار علی خان ہزارہ، مرد مکتب ساز۔۔۔ اسحاق محمدی - Oct 21, 2026