
فیلائن فلاسفی،ایک تجزیہ
تحریر: جاوید نادری
برطانوی فلسفی جان نکولس گرے نے اپنی مشہور کتاب Feline Philosophy: Cats and the Meaning of Life
میں بلیوں کی مثال سے انسانوں کی فکری اور نفسیاتی حالت پر ایک بحث کی ہے انہوں نے بلیوں کے طرزِ زندگی کو بنیاد بنا کر انسانی وجود، فکری نقائص اور فلسفے پر ایک انوکھا طنز اور تجزیہ پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلیاں کبھی بھی مستقبل کی فکر، موت کے خوف یا زندگی کے کسی بڑے مقصد کی تلاش میں پریشان نہیں ہوتیں۔ وہ بس جیسی ہیں، ویسی ہی زندگی گزارتی ہیں یعنی دھوپ میں بیٹھنا، شکار کرنا اور سونا وغیرہ اس کے برعکس، انسان ہمیشہ ایک اضطراب ‘اینگزایٹی’ میں مبتلا رہتا ہے۔
گِرے کے مطابق، صرف انسان وہ حیوان ہے جسے زندگی میں کسی نہ کسی “مقصد” یا “معنی” کی تلاش ہوتی ہے۔ انسان مذہب، فلسفے، یوٹوپیا اور ترقی کے خیالات کے ذریعے اپنی بقا کے خوف کو جھٹلانے کی کوشش کرتا ہے۔ اگر بلیاں انسانوں کی اس لایعنی دوڑ اور زندگی کے معنی کی تلاش کو سمجھ سکتیں، تو وہ اس کی حماقت پر مزے سے خرگوش یا بلیوں والی بولی میں پھنکارتیں اور اس مضحکہ خیزی پرخوشی سے سرشار ہو جاتیں۔ گویا کہ انسان ساری زندگی “خوشی” کو پانے کی تگ و دو میں گزار دیتا ہے، جو کہ ایک مصنوعی کوشش ہے جبکہ بلیوں کے لیے خوشی کوئی حاصل کرنے والی شے نہیں بلکہ ان کی فطری حالت ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ فکر، فلسفہ اور سوچ عذاب ہے وہ سقراط کے )اس قول (جانچ پڑتال کے بغیر زندگی جینے کے لائق نہیں
چیلنج کرتے ہوئے کہتے ہیں انسان کے لیے ضرورت سے زیادہ سوچنا اور اپنی ذات کا تجزیہ کرنا ایک خود ساختہ عذاب ہے۔ بلیاں بغیر سوچے سمجھے اپنی جبلت کے مطابق جیتی ہیں اور زیادہ پرسکون ہوتی ہیں۔ اگر انسان کو اپنی زندگی میں سکون چاہیے تو انہیں بلیوں سے سیکھنا چاہیے کہ “زندگی کا کوئی بڑا مقصد تلاش کرنا چھوڑ دو، خوشی کا پیچھا کرنا بند کر دو، اور بس لمحہ موجود میں جیو۔”
گرے کی فکر کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ انسان اپنی ذہانت کو اکثر اپنی آزادی سمجھتا ہے، حالاں کہ یہی ذہانت اسے ایسے سوالات اور اضطرابات میں بھی مبتلا کر دیتی ہے جن سے دوسرے حیوانات بظاہر آزاد دکھائی دیتے ہیں۔ انسان صرف زندہ نہیں رہتا، وہ اپنی زندگی کے بارے میں ایک نظریہ بھی قائم کرنا چاہتا ہے۔ وہ جاننا چاہتا ہے کہ اسے کیوں جینا چاہیے، اس کی زندگی کا مقصد کیا ہے، اسے خوشی کیسے حاصل ہوگی اور موت کے بعد کیا ہوگا۔ یوں زندگی، جو پہلے ایک براہِ راست تجربہ تھی، آہستہ آہستہ ایک فکری مسئلہ بن جاتی ہے، گرے کا بلیوں کی مثال پیش کرنا، دراصل ایک مؤثر فلسفیانہ حربہ ہے۔ بلی ہمارے سامنے ایک ایسی مخلوق کی مثال پیش کرتی ہے جو اپنی زندگی کو کسی عظیم نظریے کے تابع کیے بغیر بھی گزار سکتی ہے۔ اسے اپنے وجود کا جواز پیش کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ وہ دھوپ میں بیٹھتی ہے تو دھوپ میں بیٹھنا اس کے لیے کسی بڑے مقصد تک پہنچنے کا ذریعہ نہیں ہوتا۔ وہ آرام کرتی ہے تو اس آرام کو مستقبل کی کسی کامیابی میں تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کرتی۔ اس کے لیے زندگی کسی دوسرے، زیادہ بامعنی لمحے تک پہنچنے کا محض وسیلہ نہیں، بلکہ اپنی موجودہ صورت میں بھی قابلِ تجربہ ہے۔
ہم اکثر موجودہ لمحے کو مستقبل کے حوالے کر دیتے ہیں۔ ہم آج اس لیے محنت کرتے ہیں کہ کل خوش ہوں گے، آج اپنی خواہشات کو اس لیے مؤخر کرتے ہیں کہ کل زیادہ مطمئن ہوں گے، اور کبھی کبھی پوری زندگی اس امید میں گزار دیتے ہیں کہ کسی آنے والے مرحلے پر زندگی بالآخر شروع ہوگی۔ اس طرح خوشی ایک زندہ تجربہ رہنے کے بجائے ایک مستقل منصوبہ بن جاتی ہے۔ ہم اسے حاصل کرنے کے لیے اتنے مصروف ہو جاتے ہیں کہ اس کے تجربے کی صلاحیت ہی کھو بیٹھتے ہیں۔
میرے نزدیک ان کی بات کا زیادہ گہرا مفہوم یہ نہیں کہ سوچنا بذاتِ خود عذاب ہے، بلکہ یہ کہ سوچنے کی صلاحیت جب زندگی کے تجربے پر مکمل حاوی ہو جائے تو انسان اپنی ہی ذہانت کا قیدی بن سکتا ہے۔ خود شناسی کی یہی خواہش انسان کو ایک نہ ختم ہونے والے ذہنی محاکمے میں مبتلا کر سکتی ہے۔ انسان اپنے ہر جذبے کی وجہ جاننا چاہتا ہے، اپنی ہر خوشی کا تجزیہ کرتا ہے، اپنے ہر فیصلے پر شک کرتا ہے اور پھر اپنے شکوک پر بھی سوال اٹھانے لگتا ہے۔ خود شناسی اور خود میں گم ہو جانا ایک ہی چیز نہیں ہیں خود شناسی ہمیں اپنے تعصبات، خوف اور غلط فہمیوں سے آزاد کر سکتی ہے، جب کہ ضرورت سے زیادہ خود تجزیاتی رویہ ہمیں اپنے ہی ذہن کے گرد ایک دائرے میں گھماتا رہتا ہے۔ مسئلہ فکر نہیں بلکہ فکر کا ایسا تسلسل ہے جو زندگی کو سمجھنے کے بجائے اسے براہِ راست جینے کی صلاحیت کم کرنے لگے۔
میں گرے کی دلیل کے ایک بنیادی پہلو سے اختلاف کروں گا۔ بلیوں کو اضطراب، خوف اور مستقبل سے متعلق کسی بھی قسم کی فکرمندی سے مکمل طور پر آزاد قرار دینا سائنسی اعتبار سے درست نہیں۔ بلیاں بھی خطرے، غیر یقینی صورتِ حال اور اپنے ماحول میں تبدیلی کے ردعمل میں دباؤ محسوس کرتی ہیں۔ فرق یہ ہے کہ ہمارے پاس اس بات کا ثبوت نہیں کہ وہ اپنے وجود، موت اور کائنات کے مقصد کے بارے میں انسانوں جیسی تجریدی اور مسلسل فکری الجھنیں پیدا کرتی ہیں۔ اس لیے بلی کی مثال کو حیوانی نفسیات کے قطعی بیان کے بجائے انسانی طرزِ فکر پر ایک فلسفیانہ تنقید کے طور پر سمجھنا زیادہ مناسب ہے۔ اسی طرح، یہ کہنا بھی شاید درست نہیں کہ زندگی کے معنی کی تلاش محض موت کے خوف سے فرار کا ایک طریقہ ہے۔ مذہب، فلسفہ، فن اور سائنسی جستجو میں خوف سے فرار کی خواہش ضرور کارفرما ہو سکتی ہے، لیکن ان سب کو اسی ایک نفسیاتی محرک تک محدود کر دینا انسانی تجربے کی پیچیدگی کو نظر انداز کرنا ہوگا۔ انسان محض موت سے خوف زدہ ہونے کے باعث سوال نہیں کرتا وہ تجسس، حیرت، محبت، تخلیقی خواہش اور اپنے تجربات کو دوسروں کے ساتھ بانٹنے کی ضرورت کے تحت بھی سوال کرتا ہے۔ بعض اوقات معنی کی تلاش اضطراب کا نتیجہ ہوتی ہے، لیکن بعض اوقات یہی تلاش انسان کو اپنے خوف سے آزاد ہونے میں مدد دیتی ہے۔
بعض لوگوں کے نزدیک اس کتاب کا سب سے قابلِ قدر سبق یہ نہیں کہ انسان کو سوچنا چھوڑ دینا چاہیے بلکہ یہ ہے کہ اسے اپنی سوچ کی حدود پہچاننی چاہیے۔ ہر سوال کا جواب حاصل کرنا ضروری نہیں، ہر تجربے کو کسی نظریے میں تبدیل کرنا لازم نہیں اور زندگی کے ہر لمحے کو مستقبل کے کسی بڑے مقصد کے تابع کرنا بھی ضروری نہیں۔ بعض اوقات کسی تجربے کی قدر اسی میں ہوتی ہے کہ ہم اسے کسی دوسری چیز کے حصول کا ذریعہ بنائے بغیر محسوس کر سکیں۔
ہم بلی سے اس لیے سیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ زندگی کو فلسفیانہ مسئلہ نہیں بناتی، لیکن جیسے ہی ہم اس کے طرزِ زندگی سے کوئی فلسفہ اخذ کرتے ہیں، ہم اس کی سادگی کو بھی ایک فکری منصوبے میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ گویا انسان بلی کی طرح جینے کی خواہش بھی اپنے انسانی ذہن کے ذریعے ہی کرتا ہے۔ شاید اس تضاد سے مکمل طور پر نکلنا ممکن نہیں، لیکن اسے پہچاننا خود ایک اہم بصیرت ہے۔
انسان کے لیے نہ اندھی جبلت کافی ہے اور نہ بے انتہا تجزیہ۔ جبلت ہمیں زندگی کے ساتھ براہِ راست جوڑتی ہے، جب کہ فکر ہمیں اپنے رویوں کو سمجھنے اور ان کی اصلاح کرنے کا موقع دیتی ہے۔ ہمیں فکر کو ترک کرنے کے بجائے اسے اس کی مناسب جگہ دینی چاہیے۔ سوچ اتنی ضرور ہو کہ ہم اپنے فریب کو پہچان سکیں، مگر اتنی نہیں کہ ہر زندہ تجربہ محض تجزیے کا موضوع بن کر رہ جائے۔
شاید زندگی کا مسئلہ یہ نہیں کہ اس کا کوئی بڑا مقصد ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ ہم مقصد کی تلاش میں زندگی کو ایک مؤخر شدہ امکان کیوں بنا دیتے ہیں۔ ممکن ہے کہ زندگی کے بعض حصوں کو کسی حتمی معنی کی ضرورت نہ ہو ان کی معنویت خود ان کے تجربے میں موجود ہو۔ اور ممکن ہے کہ بعض دوسرے حصوں میں معنی تلاش کرنا ہی ہماری انسانی ذمہ داری ہو۔
بلی ہمیں زندگی کی سادگی سکھا سکتی ہے، لیکن انسان ہونے کی پیچیدگی سے فرار نہیں دلا سکتی۔ اصل حکمت شاید ان دونوں کے درمیان توازن پیدا کرنے میں ہے۔
- ہزارہ قوم کی تاریخ، مزاحمت اور وقار(سترہویں قسط) ۔۔۔ جاوید نادری - Nov 6, 2026
- فیلائن فلاسفی،ایک تجزیہ ۔۔۔ جاوید نادری - Oct 18, 2026
- ہزارہ قوم کی تاریخ، مزاحمت اور وقار(سولہویں قسط) ۔۔۔ جاوید نادری - Oct 9, 2026