عوامی خدمت اور عاجزی کا امتزاج ۔۔۔ میر اسلم رند

عوامی خدمت اور عاجزی کا امتزاج

تحریر: میر اسلم رند

گزشتہ روز جب میں سردار نثار علی ہزارہ کی فاتحہ خوانی کے لیے حاضر ہوا تو کچھ دوستوں نے کہا کہ رجسٹر میں تاثرات درج کریں۔ میں نے عرض کیا کہ میں ان کو خراجِ عقیدت اپنے کالم میں پیش کروں گا۔ یہ کالم اسی مقصد کے لیے لکھ رہا ہوں، اگر کوئی کمی بیشی ہو تو معذرت خواہ ہوں۔

تاریخ میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جن کی پہچان محض نام، عہدے یا خاندانی مرتبے تک محدود نہیں رہتی بلکہ ان کی زندگی اپنی قوم کی اجتماعی تاریخ کا حصہ بن جاتی ہے۔ سردار عیسیٰ خان ہزارہ، جنرل محمد موسیٰ خان ہزارہ، سردار نثار علی خان ہزارہ اور سردار سعادت علی خان ہزارہ اسی روایت کے نمایاں نام ہیں جن کی زندگیوں میں عزت، وقار، عوامی خدمت اور عاجزی کا امتزاج دکھائی دیتا ہے۔

مجھے اس خاندان سے عقیدت اس لیے ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں دولت، شہرت، عزت اور اقتدار سمیت زندگی کی بہت سی نعمتوں سے نوازا، لیکن ان کی سب سے قابلِ رشک خوبی انکساری، ملنساری اور لوگوں کے دل میں جگہ پیدا کرنا ہے۔ اصل بڑائی یہی ہے کہ انسان بلند مقام پر پہنچ کر بھی اپنے لوگوں سے جڑا رہے۔ بلوچستان میں بہت سے قبائلی سرداروں کی ایک آواز پر ان کے لوگ جمع ہو جاتے ہیں، مگر کسی رہنما کی اصل کامیابی صرف اپنی قوم کو متحرک کرنا نہیں بلکہ اسے تعلیم، شعور اور ترقی کی راہ دکھانا ہے۔ میری نظر میں ہزارہ قوم کی علمی بیداری میں سردار عیسیٰ خان، جنرل محمد موسیٰ خان اور سردار نثار و سردار سعادت علی خان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔

آج ہزارہ نوجوانوں، خواتین اور بچوں کی تعلیم، کھیل اور مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی اس اجتماعی شعور کی عکاس ہے جسے پروان چڑھانے میں اس خاندان سمیت کئی اہلِ علم اور سماجی شخصیات نے کردار ادا کیا۔ گزشتہ دو دہائیوں میں ہزارہ قوم نے شدید مشکلات اور ناقابلِ فراموش سانحات کا سامنا کیا، لیکن اس قوم نے جس صبر، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ ایسے مشکل وقت میں قیادت کا اصل امتحان سامنے آتا ہے۔ سردار نثار علی خان اور سردار سعادت علی خان نے امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کو ہمیشہ اہمیت دی۔

میں گزشتہ 35 برس سے امن کمیٹی کا باضابطہ رکن رہا ہوں۔ اس طویل وابستگی کے دوران میں نے مختلف حالات اور شخصیات کو قریب سے دیکھا ہے۔ اسی تجربے کی بنیاد پر ایک واقعہ قارئین کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ کوئٹہ میں حالات کشیدہ تھے۔ رمضان المبارک کے دوران کور کمانڈر کی جانب سے افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں شہر کی معزز شخصیات اور علمائے کرام شریک تھے۔ میں افطار کے وقت سردار نثار علی خان کے ساتھ بیٹھا تھا۔ اذان کے بعد انہوں نے روزہ کھولنے کے لیے اپنی قوم کی اجتماعی یکجہتی اور نمائندگی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اہلِ سنت حضرات کے ساتھ روزہ کھولا۔ اس کے بعد ہزارہ برادری کے افراد محمد رضا وکیل اور خالق ہزارہ نے مل کر افطار کیا اور مولانا انوار الحق حقانی کی امامت میں نماز ادا کی۔ میرے لیے یہ محض افطار کا واقعہ نہیں تھا بلکہ اس بات کی مثال تھی کہ ایک قومی رہنما اپنے طرزِ عمل سے اتحاد، نظم اور اجتماعی شناخت کا پیغام کیسے دے سکتا ہے۔

سردار سعادت علی خان بھی امن و امان سے متعلق اجلاسوں میں ہمیشہ بھائی چارے اور مفاہمت کی بات کرتے رہے۔ اختلاف کے باوجود کسی کی دل آزاری سے گریز اور امن کے لیے راستہ نکالنے کی کوشش ایک ایسی خوبی ہے جس کی ہمارے معاشرے کو آج پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ سردار نثار علی خان اور سردار سعادت علی خان نے وزارتوں اور سیاسی ذمہ داریوں کے دوران بھی اپنی قوم اور عوام کی خدمت کی روایت کو آگے بڑھایا۔ کسی خاندان کا حقیقی ورثہ صرف سیاسی عہدے نہیں ہوتے، اس کی اصل پہچان وہ اقدار ہیں جو اگلی نسلوں تک منتقل ہوں اور لوگوں کے دلوں میں احترام پیدا کریں۔

گزشتہ روز میں اپنے قبیلے کے معززین کے ہمراہ سردار نثار علی خان ہزارہ کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے حاضر ہوا۔ ان کے صاحبزادوں، بھتیجوں اور ہزارہ قوم کے معززین نے جس محبت، عزت اور خلوص سے ہمارا استقبال کیا اس نے میرے دل پر گہرا اثر چھوڑا۔ دکھ کی اس گھڑی میں ان کا یہ رویہ اس خاندان کی ملنساری اور انسانی اقدار کی خوبصورت مثال تھا۔

آج میں سردار عیسیٰ خان ہزارہ، جنرل محمد موسیٰ خان ہزارہ، سردار نثار علی خان ہزارہ اور سردار سعادت علی خان ہزارہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سمجھتا ہوں کہ کسی قوم کی تاریخ صرف بڑے عہدوں اور سیاسی کامیابیوں سے نہیں بنتی، اسے کردار، قربانی، علم، رواداری اور انسان دوستی بھی زندہ رکھتے ہیں۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، سردار سعادت علی خان اور سردار نثار علی خان کے تمام اہلِ خانہ اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور اس خاندان کو اپنی قوم اور بلوچستان کی خدمت کا جذبہ برقرار رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

کچھ لوگ دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں مگر ان کا کردار آنے والی نسلوں کے لیے راستہ روشن کرتا رہتا ہے۔ یہی کسی انسان کی زندگی کا سب سے قیمتی ورثہ ہوتا ہے۔ آج میں سردار نثار علی خان، سردار سعادت علی خان اور ان کے خاندان کو نزرانۂ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

سردار محمد عیسیٰ خان ہزارہ، جنرل محمد موسیٰ خان ہزارہ، سردار نثار علی خان ہزارہ اور سردار سعادت علی خان ہزارہ

پاکستان، بلوچستان اور بالخصوص ہزارہ قوم کے لیے ان کی خدمات، قربانیاں اور جذبۂ پاکستان ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

میر اسلم رند

متعلقہ مضامین

Leave a Comment