سردار نثار علی خان ہزارہ، مرد مکتب ساز ۔۔۔ اسحاق محمدی

سردار نثار علی خان ہزارہ، مرد مکتب ساز

تحریر: اسحاق محمدی

سردار نثار علی خان ہزارہ، پاکستانی ہزارہ کے مقتدر سردار سردار محمد عیسیٰ خان کے بڑے صاحبزادے تھے۔ نومبر 1945ء کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ پرائمری تا ہائی اسکول کی تعلیم اپنے وقت کے معروف درسگاہ، ٹیکنیکل ہائی اسکول سے حاصل کی اور بعد ازاں مزید تعلیم سائنس کالج سے پائی۔

1977ء کے عام انتخابات میں آزاد حیثیت سے امیدوار بنے لیکن قومی مفاد کی خاطر طالب حسین ہزارہ کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ بعد ازاں 1985ء کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے اور 1988ء کے عام انتخابات میں بھی اسی بھاری اکثریت سے میدان مار لیا۔ وہ صوبائی وزیرِ تعلیم رہے اور تعلیم کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات ہیں۔ جس طرح افغانستان کے ہزارہ ڈاکٹر سیما ثمر کو “بانوی مکتب ساز” کہا جاتا ہے، اسی طرح پاکستانی ہزارہ سردار نثار علی خان ہزارہ کو “مردِ مکتب ساز” کہا جاتا ہے۔

اگرچہ دونوں ادوار میں جنرل ضیاء کی ہٹ دھرمی کے باعث وہ اپنی پوری مدت پوری نہ کرسکے، لیکن درج ذیل تعلیمی ادارے ان کے کارناموں میں شامل ہیں:
– جنرل محمد موسیٰ خان بوائز کالج
– سردار نثار علی خان ہزارہ گرلز کالج(حالیہ سردار حسن موسیٰ گرلز کالج)
– ہزارہ سوسائٹی بوائز ہائی اسکول
– سردار محمد عیسیٰ خان گرلز ہائی اسکول
– سردار محمد اسحاق خان بوائز ہائی اسکول
– گرلز ہائی اسکول مومن آباد
– گرلز مڈل اسکول سید آباد (عمارت)

اس کے علاوہ سردار یزدان خان ماڈل ہائی اسکول میں ہال اور سائنس لیبارٹری کے کمروں کی تعمیر، ایک اسکواش کورٹ کی تعمیر، بیسک ہیلتھ سینٹر خارتار، تالاب خشک سمیت کئی آب نوشی کی اسکیموں کی تعمیر بھی ان کے کارناموں میں شامل ہیں۔

ایک نشست کے دوران، جہاں ڈاکٹر نوروز گلزاری بھی موجود تھے، سردار صاحب نے جنرل موسیٰ خان کالج بنانے کی دلچسپ داستان سنائی:
“سردار صاحب نے بتایا کہ پہلی بار ایم پی اے منتخب ہونے کے بعد ان کے علم میں یہ بات آئی کہ گلستان ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم میں کالج کے لیے ایک قطعہ زمین رکھی گئی ہے۔ لیکن جب میں اس کے حصول کے لیے متعلقہ دفتر گیا تو پتہ چلا کہ اس کی قیمت 26 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اس پر میں نے اپنے انکل یعنی اس وقت کے گورنر جنرل موسیٰ خان سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ آپ خود اس وقت کے وزیراعظم محمد خان جونیجو سے بات کریں تو بہتر ہوگا۔ خیر، میں اسلام آباد گیا اور جونیجو صاحب سے ملاقات کرکے زمین کی قیمت معاف کرنے کی درخواست دی۔ چونکہ جونیجو صاحب کے ایجنڈے میں تعلیم سرفہرست تھی، لہٰذا انہوں نے وزارتِ دفاع کو ایک سفارشی خط بھیجوا دیا۔ کچھ عرصے بعد وزارتِ دفاع نے زمین کی آدھی قیمت منظور کرلی۔ باقی آدھی قیمت اب بھی ادا کرنی تھی۔ اس وقت بلوچستان میں ایم پی اے فنڈ سے زمین خریدنے پر پابندی تھی۔ لہٰذا میں نے صوبائی حکومت کو ایک اور درخواست دی کہ ایم پی اے فنڈ سے جنرل موسیٰ خان کالج کے لیے زمین خریدنے کی خصوصی اجازت دی جائے۔ بڑی کوشش اور سفارشوں کے بعد صوبائی حکومت نے اجازت دے دی۔ تب جا کر یہ ممکن ہوا کہ جنرل موسیٰ خان کالج کی عمارت بن سکے۔”

آج جنرل محمد موسیٰ خان کالج صوبے کے ایک اہم کالج میں شمار ہوتا ہے۔ سردار نثار علی خان کو تاریخ سے گہری دلچسپی تھی۔ وہ گھنٹوں سننے کا حوصلہ رکھتے تھے، کم گفتگو کرتے، لیکن ان کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ قول کے پکے اور عوامی خدمت میں پیش پیش تھے۔

20 اکتوبر 2026ء کو یہ مردِ مکتب ساز اور درویش صفت انسان اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

ان کی روح کو سلام.

اسحاق محمدی

متعلقہ مضامین

Leave a Comment