
جلیلہ حیدر ایڈوکیٹ
تحریر: اسحاق محمدی
انسانی حقوق کی ممتاز وکیل جلیلہ حیدر کو 30 ستمبر 2026 میں انٹرنیشنل “رائٹ لائیولی ہُڈ ایوارڈ” کے لیے منتخب کیا گیا۔ اسٹاک ہوم میں قائم رائٹ لائیولی ہُڈ فاؤنڈیشن کے مطابق “انہیں اپنی ہزارہ برادری کی پہلی خاتون وکیل کی حیثیت سے رکاوٹیں توڑنے اور نسلی، ریاستی و پدرشاہی جبر کے خلاف جدوجہد پر یہ اعزاز دیا گیا ہے”۔ آئیے سب سے پہلے محترمہ جلیلہ حیدر ایڈوکیٹ کی زندگی پر ایک مختصر روشنی ڈالتے ہیں۔
جلیلہ حیدر کی پیدائش 10 دسمبر 1984، کوئٹہ، پاکستان میں ہوئی۔ ان کے والد شادروان حیدر علی المعروف بہ حیدر کارمل اپنے وقت کے روشن خیال ہزارہ لکھاری اور شاعر تھے۔ انہوں نے اپنے بچوں کی پرورش اور تعلیم میں کسی قسم کی صنفی تفریق نہیں برتی۔ ان کی فارسی میں ہزارہ تاریخ پر ایک کتاب “ہزارہ ہا و ہزارہ جات در آئینہ تاریخ” کے عنوان سے چھپ چکی ہے جبکہ شعری مجموعہ اب تک غیر مطبوع ہے۔ بدقسمتی سے جب جلیلہ حیدر کی عمر محض 11 سال تھی تو باپ کا سایہ سرسے اٹھ گیا۔ چھ بہن بھائیوں کی پرورش اور تعلیم ان کی باہمت ماں نے آگے بڑھائی۔
جلیلہ حیدر نے اپنی روایتی تعلیم کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں سے مکمل کرنے کے بعد 2010ء میں یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ سے ایل ایل بی کیا اور پاکستان کی ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون وکیل بن گئیں۔ وکالت کے ساتھ وہ انسانی حقوق اور سماجی کارکن کی علمبردار بھی بن گئیں۔ ان کی چند اہم خدمات درج ذیل ہیں:
- قانونی خدمات: ان کی قانونی فرم نے اقلیتوں، پناہ گزینوں، خواجہ سراؤں، سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں سے متعلق 7,000 سے زائد مقدمات نمٹائے ہیں۔
- 600 کارکنوں کی مدد: ان کی قانونی جدوجہد کے نتیجے میں 600 سے زائد سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو، جن کے نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے گئے تھے، نقل و حرکت کی آزادی دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملی۔
- خواتین کے حقوق: وہ Women’s Democratic Front کی بانی ارکان میں شامل ہیں اور بلوچستان میں پہلی خواتین مارچ کے انعقاد کی تحریک میں اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔
- بیواؤں کی مدد: ان کی تنظیم We the Humans نے دہشت گردی کے متاثرین کی 400 سے زائد بیواؤں کو مالی طور پر خودمختار ہونے میں مدد فراہم کی ہے۔
- بھوک ہڑتال: مئی 2018ء میں انہوں نے ہزارہ قوم کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف تاریخی سات روزہ بھوک ہڑتال کی، جس نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کے اس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ہزارہ خواتین کے درمیان براہِ راست مذاکرات ہوئے، جن کے بعد پاکستانی ہزارہ قوم کے خلاف دہشت گردانہ حملوں میں نمایاں کمی ہوئی۔
جلیلہ حیدر ایڈوکیٹ کی ان شاندار انسانی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سویڈش آرگنائزیشن نے انہیں سال 2026 کا ’رائٹ لائیولی ہُڈ ایوارڈ‘ دینے کا اعلان کیا ہے، جسے نوبیل انعام کا متبادل بھی قرار دیا جاتا ہے۔
فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اولے وان اِکسکول کا کہنا ہے کہ “جلیلہ حیدر نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کے تحفظ کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی اور اپنی قانونی جدوجہد کو عوامی تحریک کے ساتھ جوڑا”۔
خود جلیلہ حیدر کا کہنا ہے کہ “اُن کا ایمان ہے کہ انسانی حقوق آفاقی ہیں اور وہ سب کے لیے ہیں چاہے وہ بچہ ہو، مرد ہو، عورت ہو یا پھر خواجہ سرا اور چاہے اس کا تعلق کسی بھی نسل سے ہو”۔ ان کے مطابق ان کی لا فرم نے اب تک سات ہزار سے زیادہ حساس مقدمات نمٹائے ہیں۔ وہ ایسے مقدمے بھی قبول کرتی رہیں جنہیں دوسرے وکلا خطرناک یا بے فائدہ سمجھ کر چھوڑ دیتے تھے۔
رائٹ لائیولی ہُڈ ایوارڈ سے پہلے بھی محترمہ جلیلہ حیدر کو کئی بین الاقوامی اعزازات مل چکے ہیں:
- سال 2019 میں وہ بی بی سی کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل ہوئیں۔
- مارچ 2020 میں امریکی محکمۂ خارجہ نے انہیں ’انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈ‘ دیا۔
- سال 2023 میں انہیں دی ہیگ میں ویمن اِن لا کانفرنس کی جانب سے ’گلوبل جسٹیشیا ایوارڈ‘ ملا۔
- سال 2015 میں پاکستان کی 50 بااثر خواتین کی فہرست ’نیوز وومن پاور 50‘ میں بھی شامل کی گئی تھیں۔
منابع:
2- https://www.facebook.com/photo?fbid=2260367044815898&set=a.319870745532214
- ہزارہ رابن ہُڈز ۔۔۔ اسحاق محمدی - Nov 11, 2026
- ہزارہ قوم کے نسلی پس منظر پر ایک نظر ۔۔۔ اسحاق محمدی - Oct 29, 2026
- سردار نثار علی خان ہزارہ، مرد مکتب ساز۔۔۔ اسحاق محمدی - Oct 21, 2026