
ہزارہ قوم کی تاریخ، مزاحمت اور وقار(سولہویں قسط)
ہزارہ قوم کا مبداء و منشا
تحریر: جاوید نادری
جیساکہ پچھلی قسط کے آخر میں ذکر ہو چکا ہے کہ ہزارہ قوم اس خطے کی کوئی “نو وارد” یا بچھڑی ہوئی قوم نہیں ہے، بلکہ ان کا وجود، ان کی زبان، اور ان کا روایتی حافظہ اسی خطے کی مٹی سے گزشتہ کئی ہزار سال سے مسلسل جڑا چلا آ رہا ہے۔
کسی قوم کی تاریخی عظمت اس بات میں ہے کہ وہ اپنے ماضی کو دیانت داری سے سمجھے، اس کی تہذیبی میراث کو محفوظ رکھے، اور اپنی اجتماعی شناخت کو علم، شعور اور تاریخی خود آگاہی کی بنیاد پر آگے بڑھائے۔ بامیان اور ہزارہ جات کا قدیم ورثہ ایک وسیع انسانی تاریخ کا حصہ ہے، اور اس خطے کی تاریخ نہایت گہری، قدیم اور بامعنی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔
تاریخ محض بادشاہوں، سلطنتوں اور جنگوں کا نام نہیں، بلکہ یہ انسانی آبادیوں کی نقل مکانی، تہذیبوں کے ملاپ، زبانوں کی تشکیل اور ثقافتی ورثے کی ایک مسلسل داستان ہے۔ دنیا کے بہت سے خطے ایسے ہیں جن کی موجودہ شناخت کسی ایک دور میں وجود میں نہیں آئی، بلکہ مختلف زمانوں میں آنے والی آبادیوں، مقامی تہذیبوں اور ثقافتی اثرات کے باہمی تعامل سے تشکیل پائی ہے۔ وسطی افغانستان کا خطہ، بالخصوص بامیان، کوہِ بابا اور ہندوکش کے درمیان واقع وادیاں، اسی تاریخی عمل کی ایک نمایاں مثال ہیں۔ آج یہی خطہ ہزارہ جات کے نام سے پہچانا جاتا ہے اور ہزارہ قوم کی تاریخی و ثقافتی شناخت کا بنیادی مرکز ہے۔
بامیان کی اہمیت اس کے جغرافیے ہی سے واضح ہو جاتی ہے۔ یہ خطہ وسطی ایشیا، ایرانی سطح مرتفع، شمالی افغانستان اور برصغیر کے درمیان واقع ان قدرتی راستوں سے منسلک رہا ہے جن کے ذریعے مختلف ادوار میں انسانوں، تاجروں، مذہبی پیشواؤں اور ثقافتی روایات کی آمدورفت ہوتی رہی۔ شاہراہِ ریشم کا تاریخی نظام کسی ایک سڑک یا راستے کا نام نہیں تھا، بلکہ زمینی اور علاقائی تجارتی راستوں کے ایک وسیع جال پر مشتمل تھا۔ بامیان اسی جغرافیائی نظام کا ایک اہم حصہ تھا، جہاں مختلف تہذیبوں کے اثرات ایک دوسرے سے ملتے اور نئی ثقافتی صورتیں اختیار کرتے رہے۔
لیکن اس خطے کی تاریخ بدھ مت کی آمد سے شروع نہیں ہوتی۔ اس سے بہت پہلے وسطی ایشیا اور شمالی افغانستان میں انسانی آبادیوں، زراعت، مویشی بانی، دھات سازی اور تجارتی سرگرمیوں کے آثار موجود تھے۔ تیسری اور دوسری ہزاری قبل مسیح میں باختر-مرغیانہ تہذیبی کمپلیکس، جسے انگریزی میں Bactria-Margiana Archaeological Complex یا BMAC کہا جاتا ہے، اس وسیع خطے کی ایک اہم کانسی کے دور کی تہذیب تھی۔ بامیان، غور، اور وادیِ غوربند کے علاقوں میں کانسی کے دور اور ابتدائی لوہے کے دور (Iron Age) کی بستیوں، قدیم غاروں، اور پتھر کے آلات کے آثار ملتے ہیں جو اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ویدی اور اوستائی دور سے پہلے بھی یہ پہاڑی وادیاں آبادی کا مرکز تھیں۔
باختر-مرغیانہ تہذیب، جسے آثارِ قدیمہ کی دنیا میں بی ایم اے سی بھی کہا جاتا ہے، اور وسطی افغانستان کی موجودہ ہزارہ قوم کے درمیان کا تعلق تاریخ اور انسان شناسی کا ایک نہایت دلفریب باب ہے۔ یہ رشتہ کسی سطحی یا اچانک رونما ہونے والے واقعے کا نتیجہ نہیں، بلکہ جغرافیائی، حیاتیاتی، معاشی اور معمارانہ ارتقاء کا وہ تاریخی تسلسل ہے جو چار ہزار سال کے طویل عرصے پر پھیلا ہوا ہے۔ ہزارہ جات کا کوہستانی خطہ اور اس سے متصل باختر کی وادیاں زمانہ قدیم سے ہی انسانی بستیوں، ثقافتی ملاپ اور تاریخی ہجرتوں کا مرکز رہی ہیں۔ اس خطے کی موجودہ ہزارہ آبادی اور قدامت پسند دیہی زندگی پر جب بنظرِ غائر نگاہ ڈالی جائے تو اس قدیم کانسی کے دور کی تہذیب کے ان گنت لائحہ عمل اور فکری سائے آج بھی ان کے وجود میں رقص کرتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔
ان دونوں کے درمیان سب سے گہری اور بنیادی مماثلت ان کا وہ ایک جیسا ماحول اور جغرافیائی انتخاب ہے جس نے ان کے طرزِ فکر کی آبیاری کی ہے۔ ہزاروں سال پہلے باختر-مرغیانہ کے باشندوں نے کوہِ ہندوکش اور کوہِ بابا کے دامانی نالیوں اور پہاڑی وادیوں کو اپنی بود و باش کے لیے منتخب کیا تھا، کیونکہ یہ پہاڑ انہیں قدری تحفظ فراہم کرتے تھے اور ان کی ندیوں کا پانی زندگی کا ضامن تھا۔ آج کا ہزارہ جات بالکل انہی قدرتی سرحدی حدود اور جغرافیائی ساخت پر محیط ہے۔ ہزارہ قوم نے اپنے آباؤ اجداد کی طرح انہی الگ تھلگ، پرپیچ اور بلند و بالا وادیوں کو اپنا مسکن بنایا، جہاں انہوں نے زراعت اور گلہ بانی کا ایک ایسا مشترکہ معاشی ماڈل اپنایا جو قدیم بی ایم اے سی دور سے اس خطے کا شیوہ رہا ہے۔ پہاڑی ڈھیلانوں پر زراعت کرنا، گرمیوں کے موسم میں مویشیوں کو بلند ترین چراگاہوں میں لے جانا اور وادیوں میں دانہ دنکا کاشت کرنا وہ قدیم لائف سٹائل ہے جو صدیوں کے حوادث کے باوجود اس خطے کے ڈی این اے سے خارج نہیں ہو سکا اور ہزارہ زندگی کا بنیادی معاشی ستون بنا رہا۔
اس معاشی ماڈل کے ساتھ ہی آبی وسائل کی دیکھ بھال کا روایتی نظام بھی اس قدمت کی گواہی دیتا ہے۔ بی ایم اے سی تہذیب کی بنیادی طاقت پہاڑی ندیوں اور چشموں سے نالیاں نکال کر خشک وادیوں کو سیراب کرنا تھی۔ ہزارہ جات کی سخت اور پتھریلی زمینوں میں پانی کی عادلانہ تقسیم، جوئی یا نہر کی دیکھ بھال اور “میرآب” کا روایتی عہدہ اسی چار ہزار سال پرانی زرعی انجینئرنگ کا عکس محسوس ہوتا ہے۔ اسی سے جڑی غذائی روایات پر نظر ڈالیں تو سردیوں کی سخت تر موسم میں بقا کے لیے گوشت کو نمک لگا کر خشک کرنے کی روایت، جسے ہزارہ جات میں “قدید” یا “گوشتِ قدید” کہا جاتا ہے، بی ایم اے سی دور کی اسی محفوظ شدہ غذائی معیشت کا تحفہ ہے۔
معمارانہ اور بستیوں کے نقشے کی سطح پر بھی ایک محیر العقول یکسانیت دکھائی دیتی ہے۔ آثارِ قدیمہ کی کھدائیوں سے معلوم ہوتا ہے کہ باختر-مرغیانہ تہذیب کی سب سے بڑی معمارانہ خصوصیت ان کے بڑے بڑے قلعہ نما مکانات اور مرکزیت کے حامل حفاظتی دیہات تھے، جن میں مٹی، گارے اور ندی کے پتھروں سے بنی موٹی دیواریں اور حفاظتی برج ہوا کرتے تھے تاکہ سخت موسم اور بیرون حملوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ ہزارہ جات کے روایتی دیہات، جنہیں مقامی بولی میں آغیل یا قلعہ کہا جاتا ہے، بالکل اسی قدیم تعمیراتی حکمتِ عملی کی جیتی جاگتی تصویر ہیں۔ شدید ترین پہاڑی سردی سے بچنے کے لیے گھروں کا ایک دوسرے کے ساتھ پیوست ہونا، مٹی اور سنگِ ندی کا یکجا استعمال اور اندرونی صحن کا مرکزی ڈھانچہ بی ایم اے سی کی معمارانہ روایت کی ترویج کا روشن ثبوت پیش کرتا ہے۔ یہ تعمیری انداز اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ انسان نے اس مخصوص ماحول میں بقا کے لیے جو طریقے چار ہزار سال پہلے وضع کیے تھے، وہ نسل در نسل منتقل ہوتے ہوئے موجودہ ہزارہ بستیوں کا حتمی روپ دھار گئے۔
دھات کاری اور دستی ہنر مندی کا جائزہ لیا جائے تو بی ایم اے سی اپنے نفیس کانسی اور چاندی کے کام کے لیے معروف تھی۔ ہزارہ جات کے لوہاروں اور سناروں کے ہاں چاندی کے طوق، مرجان جڑے زیورات اور دستکاری کے روایتی نمونے اسی فنکارانہ جبلت کو زندہ رکھتے ہیں۔ اسی طرح بھیڑ کی اون سے تیار کیا جانے والا مخصوص کپڑا “برک” اور نمدہ بافی کی ہنر مندی، جو ہزارہ خواتین کے ہاتھوں میں محفوظ ہے، اسی پرانی چوپانی ثقافت اور ملبوساتی ضرورت کی دین ہے۔ بی ایم اے سی کے برتنوں اور مہروں پر مارخور، پہاڑی بکرے اور سنگ والے جانوروں کی جو نقش نگاری ملتی ہے، اس کی گونج ہزارہ فولکلور اور بزرگوں کے مزاروں پر برکت کے طور پر نصب پہاڑی بکروں کے سینگوں کی صورت میں آج بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
بی ایم اے سی میں ملنے والے زنانہ مجسمے (Bactrian Princesses) وہاں عورت کی اعلیٰ منزل کی نشاندہی کرتے ہیں، اور اسی طرح ہزارہ جات کے دیہی معاشی اور خاندانی ڈھانچے میں خواتین کا فعال اور بااختیار کردار اس خطے کے بومی خدوخال کو مزید نمایاں کرتا ہے۔
لسانی اور معتقداتی سطح پر اگرچہ موجودہ ہزارگی بولی فارسی کی بنیادی شاخ ہے، مگر اس کے نچلے طبقے (Substratum) میں پہاڑوں، پودوں، ندی نالوں اور دیہی اوزاروں کے کئی ایسے الفاظ محفوظ ہیں جو غیر آریائی اور قدیم بومی بولیوں کا ترکہ معلوم ہوتے ہیں۔ مزید برآں، قدرتی عناصر، بالخصوص آگ اور روشنی کا احترام، اور شادی و زچگی پر دھونی دینے کی رسم اسی باختری دور کی روحانی عقاید کی تہہ کو ظاہر کرتی ہے جو بعد میں زرتشتی اور مقامی روایات کا حصہ بنی۔ لوک کہانیوں میں پروں والے دیو اور سیمرغ کا ذکر انہی نقش و نگار کا اساطیری روپ ہے جو بی ایم اے سی کی قدیم مہروں پر کُند مطالب کے ساتھ ملتے ہیں۔
ثقافتی لڑیوں، روایتی دستکاریوں اور اساطیری تصورات کے زيریں طبقوں میں بھی اس قدیم عہد کی گونج صاف سنائی دیتی ہے۔ بھیڑ کی اون سے روایتی کپڑا تیار کرنا، اور قالین بافی کی جو ہنر مندی ہزارہ خواتین کے ہاتھوں میں محفوظ ہے، وہ اسی گلہ بان اور پرانی بومی ثقافت کی مرہونِ منت ہے یہ تمام شواہد یکجا ہو کر اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ ہزارہ قوم کا تاریخی اور نسلی وجود اس سرزمین کی قدیم ترین تحریر کا ایک مسلسل اور ناگزیر صفحہ ہے۔
ہزارہ قوم کے مبداء و منشا کی تلاش اس وقت اور بامعنی ہوگی جب ہم اپنی تہذیبی میراث کا احترام کرتے ہوئے تاریخی شواہد کی حدود کو تسخیر کرتے ہوئے اسے مزید وسعت بخشیں۔ ہماری شناخت کسی ایک دعوے کی محتاج نہیں، اس کی اصل قوت ہمارے اجتماعی تجربے، ثقافتی تسلسل، زبان، یادداشت اور اس وقار میں ہے جسے ہر نسل اپنے عمل سے آگے منتقل کرتی ہے۔
بااین ہمہ اگر سوال یہ ہو کہ “کیا بی ایم اے سی کے لوگ خود کو ‘ہزارہ’ کہتے تھے یا ہزارگی بولتے تھے؟” تو جواب نہیں ہے کیونکہ “ہزارہ” کا نام بطور قومی اور موجودہ ہزارگی زبان کا ارتقاء بہت بعد (قرونِ وسطیٰ اور منگول و اسلامی ادوار) میں ہوا۔ بی ایم اے سی دور میں ابھی نہ فارسی موجود تھی اور نہ ہی ترکی-منگول اقوام اس خطے میں آئی تھیں اور اگر سوال یہ ہو کہ “کیا بی ایم اے سی کی آبادی کا خون اور ان کے جینیاتی اثرات ہزارہ قوم کے وجود میں موجود ہیں؟” تو جواب ہاں بھی ہے اور نہیں بھی، جس پر بحث آنے والی اقساط میں کیا جائے گا۔
ببلو گرافی/ ماخذات
۱. آثارِ قدیمہ اور باختر-مرغیانہ تہذیب (BMAC)
Sarianidi, Victor I. (1998). Margiana and Proto-Zoroastrianism. Athens: Kapon Editions.
(باختر-مرغیانہ تہذیب کی دریافت، معمارانہ خصوصیات، قلعہ بند آبادیوں اور مذہبی روایات پر بنیادی ترین ماخذ)
Francfort, Henri-Paul (2005). “The Archaeology of Protohistoric Central Asia and the Indus Valley: An Overview in Space and Time”. In The Indo-Aryan Controversy, edited by Edwin F. Bryant and Laurie L. Patton. Routledge.
(وسطی ایشیا اور کوہِ ہندوکش کے خطے میں کانسی کے دور کی آبادیوں اور ثقافتی ملاپ پر گہرا جائزہ)
Lamberg-Karlovsky, C. C. (2002). “Archaeology, Language, and History: The Indo-Iranian Problem”. Current Anthropology, 43(1), 63-88.
(BMAC تہذیب کے معاشی، زرعی اور بومی ڈھانچے کی تفصیلی بحث)
Ligabue, Giancarlo, & Salvatori, Sandro (Eds.). (1989). Bactria: An Ancient Oasis Civilization from the Sands of Afghanistan. Venice: Erizzo.
(باختری مجسموں “Bactrian Princesses”، دھات کاری، اور زیورات و مہروں پر کندہ اساطیری نقوش پر بہترین تصویری و تحریری مرجع)
۲. جغرافیہ، شاہراہِ ریشم اور وسطی افغانستان (بامیان و ہزارہ جات)
Dupree, Nancy Hatch (1977). An Historical Guide to Afghanistan. Kabul: Afghan Air Authority / Afghan Tourist Organization.
(بامیان، غوربند اور وسطی افغانستان کے قدیم تاریخی و جغرافیائی راستوں پر ایک معتبر کتاب)
Tarzi, Zémaryaï (1977). L’architecture des vihāra dans la grotte de Bāmiyān. Paris: Éditions Recherche sur les civilisations.
(بامیان کی قدیم غاروں، معماری اور وادیِ بامیان کی قبل از بدھ مت تاریخ پر معروف افغان ماہرِ آثارِ قدیمہ کی تحقيق)
Ball, Warwick (2019). Archaeological Gazetteer of Afghanistan: Revised Edition. Oxford: Oxford University Press.
(ہزارہ جات، غور اور ہندوکش کی وادیوں میں ملنے والے قدیم کانسی اور لوہے کے دور کے آثار کی ڈائریکٹری)
۳. ہزارہ قوم کی تاریخ، ثقافت، فولکلور اور انسانی جغرافیا
پولادی، حسن (1387ھ ش / 2008ء). ہزارہ ہا: تاریخ، حکومت، فرہنگ و اجتماع. مترجم: علی عالمی کرمانی. تہران: موسسہ انتشارات عرفان.
(ہزارہ قوم کی تاریخ، آغیل/قلعہ کی ساخت، برک بافی، اور معاشی لائف سٹائل پر سب سے جامع تحریر)
یزدانی، حسین علی (حاج کاظم) (1368ھ ش / 1989ء). پژوہشی در تاریخ ہزارہ ہا. قم: انتشارات مہتاب.
(ہزارہ جات کی بومی تاریخ، جغرافیائی حدود اور قدیم ثقافتی بقایا جات پر بنیادی افغان مؤرخ کی کتاب)
Mousavi, Sayed Askar (1998). The Hazaras of Afghanistan: An Historical, Cultural, Economic and Political Study. London: Curzon Press.
(ہزارہ قوم کی اجتماعی شناخت، تاریخ نویسی اور انسانی جغرافیے پر اکادمی معیار کی پیش رفت)
Canfield, Robert L. (1973). Faction and Conversion in a Plural Society: Religious Alignments in the Hindu Kush. Ann Arbor: University of Michigan Press.
(ہزارہ جات کے دیہی معاشی ماڈل، چوپانی و زرعی زندگی، اور وادیوں کے تحفظاتی نظام پر انتروپولوجیکل مطالعہ)
۴. جینیات اور آبادیاتی تسلسل (Genetic Continuity & Population Genetics)
Haber, Marc, et al. (2012). “Afghanistan’s Ethno-Ancestrial History Revealed by Y-Chromosome Analysis”. European Journal of Human Genetics, 20(3), 316–322.
(افغانستان کی اقوام، بالخصوص ہزارہ برادری میں قدیم بومی/باختری اور بعد میں آنے والے جینیاتی اجزاء کا علمی تجزیہ)
Narasimhan, Vagheesh M., et al. (2019). “The formation of human populations in South and Central Asia”. Science, 365(6457), eaat7487.
(BMAC کے قدیم ڈی این اے اور جدید وسطی ایشیائی و کوہستانی آبادیوں کے جینیاتی تسلسل پر تاریخی اور جامع سائنس میگزین کا پیپر)
۵. لسانیات اور زیریں طبقہ (Linguistic Substratum)
Dulling, G. K. (1973). The Hazaragi Dialect of Afghan Persian. Central Asian Research Centre.
(ہزارگی بولی کے فارسی ڈھانچے اور اس میں محفوظ قدیم غیر آریائی و بومی الفاظ کا لسانیاتی مطالعہ)
Morgenstierne, Georg (1926). Report on a Linguistic Mission to Afghanistan. Oslo: Institute for Comparative Research in Human Culture.
(ہندوکش اور وسطی افغانستان کی قدیم زبانوں، لغات اور ان کے لسانی زیریں طبقوں کا کلاسیکی مرجع)
- ہزارہ قوم کی تاریخ، مزاحمت اور وقار(سترہویں قسط) ۔۔۔ جاوید نادری - Nov 6, 2026
- فیلائن فلاسفی،ایک تجزیہ ۔۔۔ جاوید نادری - Oct 18, 2026
- ہزارہ قوم کی تاریخ، مزاحمت اور وقار(سولہویں قسط) ۔۔۔ جاوید نادری - Oct 9, 2026