کچھ UNFINISHED STORIES کے بارے میں

میں اس لحاظ سے اپنے آپ کو  بہت ہی خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ میرے ارد گرد ہمیشہ پیار اور محبت بانٹنے والے دوستوں کا جمگھٹا لگا رہتا ہے۔ یہی دوستیاں میری زندگی بھر کی کمائی اور یہ دوست میری زندگی کا قیمتی ترین اثاثہ ہیں۔ تین سال قبل مجھے اپنے اردو مضامین کو “قصہ ہائے ناتمام” کے نام سے کتابی شکل میں شائع کروانے پر پروفیسر عبدالرحیم چنگیزی نے آمادہ کیا جس کے لیے فنڈز ہمارے دوست علی مدد نے مہیا کئے۔ کتاب کی کامیاب تقریب رونمائی اظہار ڈاٹ نیٹ کے دوستوں جاوید نادری، فدا حسین، علی رضا منگول، اکبر علی اور پروگریسیو اکیڈمک فورم کے دوستوں کے تعاون کے بغیر ناممکن ہوتی۔ کتاب کا خوبصورت ٹائٹل ہمارے دوست لیاقت علی کا ڈیزائن کیا ہوا تھا۔ یہ انہی دوستوں کی محبت ہی تھی جس نے کتاب کو تکمیل کے مرحلے تک پہنچایا۔ قارئین کی محبتوں کا تو شمار ہی نہیں جنہوں نے کتاب کو توقع سے زیادہ پزیرائی بخشی۔
کتاب کے انگلش ترجمے
UNFINISHED STORIES, A tale of Hazara Genocide in Pakistan
کی داستان بھی کچھ مختلف نہیں جب قصہ ہائے ناتمام کی رونمائی کو ابھی بمشکل ایک مہینہ ہی ہوا تھا تب ڈنمارک میں مقیم ہمارے دوست حبیب پیمان نے فون کرکے کہا کہ کتاب کا انگلش میں ترجمہ ہونا چاہیے تاکہ یہ ان قارئین تک بھی پہنچ سکے جو اردو نہیں جانتے۔ میں نے زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی تو انہوں نے خود  اس کام کا بیڑا اٹھالیا۔ انہوں نے پیشکش کی کہ کتاب کے لیے (www.aikafund.org) سے فنڈز وہ مہیا کریں گے اور ماہر ترجمہ نگاروں کی مدد سے جتنی جلد ممکن ہو کتاب کا ترجمہ مکمل کر لیا جائے گا۔
یوں دو سال قبل کتاب کے ترجمے پر کام شروع ہوا اور دوستوں کی ایک ٹیم نے رضاکارانہ کام کرتے ہوئے ڈیڑھ سال کی مدت میں ترجمہ کا کام مکمل کردیا۔ یہ کام اس لیے بھی آسان نہیں تھا کیونکہ پاکستان کے پس منظر میں لکھی جانے والی تحاریر، اردو اسلوب، محاوروں اور طنز کو انگلش کے قالب میں ڈھالنا اور وہ بھی اس انداز سے کہ پاکستانی سیاست اور طرز معاشرت سے آگاہی نہ رکھنے والے قارئین تحریروں کا مفہوم اور ذائقہ بہ آسانی محسوس کرسکیں، بڑے جان جوکھوں والا کام ہے۔ لیکن مجھے حد درجہ خوشی ہے کہ ہمارے دوستوں نے بڑی مہارت سے یہ مشکل کام سر انجام دیا۔ اس دوران بولاق انالیسٹ نیٹ ورک(Bolaq) کے دوستوں کی رہنمائی اور تعاون ہر لمحہ شامل حال رہا جس کے لیے میں ان مہربان دوستوں کا صدق دل سے شکر گزار ہوں۔ اس کے علاوہ میں اپنی اور ” UNFINISHED STORIES” کی پوری ٹیم کی طرف سے خصوصی طور پر بھائی سجاد حسین چنگیزی اور بہن زہرا شاہ کا از حد مشکور ہوں جنہوں نے لیڈ ٹرانسلیٹرز کی حیثیت سے اس مشکل کام کو پائہ تکمیل تک پہنچایا جبکہ اپنے مہربان دوستوں اسد خان بیٹنی، عباس چنگیزی، محمد یونس، محمد عاطف اور سید عنایت کا بھی ممنون ہوں جنہوں نے مضامین کے ترجمے میں معاونت کی۔ انجنئیر اکرم گیزابی، فاطمہ ہاشمی اور ہمارے مہربان دوست فرمان کاکڑ کا بھی شکریہ جنہوں نے ہر قدم پر ہماری ڈھارس بندھائی۔
کتاب چھپ چکی ہے جس کی رونمائی کے لیے دوستوں نے ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن کا انتخاب کیا ہے۔ تقریبات دو دن جاری رہیں گی جن میں کتاب کی رونمائی کے علاوہ (Bolaq Analyst Network)  کی جانب سے مرتب کردہ ہزارہ جینوسائیڈ آرکائیو کا بھی تعارف پیش کیا جائے گا۔ تقریب کے انتظامات ایکہ فنڈ، کاتب کلچرل ایسوسی ایشن اور بولاق انالیسٹ نیٹ ورک نے مل کر کئے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ تقریب میں مختلف ممالک سے نہ صرف ریسرچرز، مصنفین اور سوشل ایکٹیوسٹس  شریک ہوں گے بلکہ متعدد شخصیات تقریب سے بنفس نفیس یا آن لائن اظہار خیال بھی کریں گے۔
یکم اکتوبر کے بعد کتاب amazon.com پر دستیاب ہوگی۔ کتاب کے 240 صفحات ہیں جن میں ڈاکٹر عارف سحر، ڈاکٹر فاطمہ ہاشمی، فرمان کاکڑ اور سجاد عاصم کے تبصرے بھی شامل ہیں۔ کور کے لئے تصویر آصف علی محمد  نے فراہم کی ہے، ٹائٹل سید محمد حسین نے ڈیزائن کیا ہے جبکہ پبلشر “نروان پبلیکیشن ہاؤس” کے جناب سعید ابراہیم اور پرنٹر “شرکت پرنٹرز” ہیں۔ 
نوٹ! کتاب سے حاصل ہونے والی آمدن کا ایک بڑا حصہ عوامی بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔

  • All rights reserved to Bolaq Analyst Network: bolaq.org
  • No part of this book may be reproduced or used in any manner without the prior written permission of the copyright owner, except for the use of brief quotations in a book review.Funding:
  • The translation and publication of this book is funded by Aikafund aikafund.org
  • Name of Publication: Unfinished Stories! (Translation)
  • Author: Hassan Raza Changezi
  • Lead Translators: Sajjad Hussain Changezi Zahra Shah
  • ISBN: 978-969-7683-01-7
  • Front Cover image by: Syed Muhammad Hussain
  • Book designed by: Saeed Ibrahim
  • Photo Courtesy: Asef Ali Mohammad
  • Publisher: Nirvan Publication House
  • Printer: Shirkat Printers
  • Date of Publication: July 2022
  • Price in Pakistan: Rs. 800/-
  • International: $20

حسن رضا چنگیزی
0 Shares

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *